مسقط (سب نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے دورہ مسقط کے دوران عمان کے وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی سے اعلی سطحی ملاقات کی ہے، جس میں دونوں حکومتوں کے درمیان زراعت، فشریز، لائیوسٹاک اور ایکوا کلچر کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی مریم نواز شریف کی مسقط آمد پر عمانی وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے ان کا شاندار اور پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پنجاب اور عمان کے درمیان بالخصوص ایگریکلچر، فشریز، واٹر ریسورسز اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں شراکت داری کے وسیع امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ملاقات میں عمانی وزیر نے پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا شریمپ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش کی۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماوں نے دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے اور مسقط کو لائیوسٹاک اور بہترین کوالٹی کے میٹ (گوشت)کی ایکسپورٹ بڑھانے کے اقدامات پر مکمل اتفاق کیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے مسقط کو عالمی مارکیٹ کے تناسب سے مناسب اور مسابقتی نرخوں پر پنجاب سے اعلی معیار کا گوشت برآمد کرنے کی پیشکش کی اور بتایا کہ زندہ مویشیوں کی ایکسپورٹ کے لیے وہ وزیراعظم شہباز شریف سے باضابطہ درخواست کریں گی۔ملاقات کا ایک اور اہم پہلو پنجاب کے اسکلڈ ورکرز(ہنر مندوں)کی عمان آمد پر عائد پابندیاں اٹھانا تھا۔ وزیراعلی مریم نواز نے تجویز پیش کی کہ پنجاب میں مارکیٹ کی جدید ضروریات کے مطابق ہزاروں نوجوانوں کو اسکلڈ ڈیولپمنٹ پروگرامز کے تحت فنی تربیت دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا، پاکستان کی 65 فیصد یوتھ ہمارا قابلِ قدر اثاثہ ہے اور ہمارے نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے۔
عمانی وزیر سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے ویزا پابندیاں اٹھانے کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مسقط میں کنسٹرکشن، ایکوا کلچر اور ایگریکلچر جیسے شعبوں میں ہنر مند ورکرز کی شدید ضرورت ہے اور عمان پاکستان کے جفاکش و باصلاحیت نوجوانوں کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمانی حکام پنجاب کو اپنے مختلف شعبوں کی ضروریات سے آگاہ کریں گے۔گفتگو کے دوران وزیراعلی مریم نواز نے مسقط میں فشریز اور دیگر شعبوں میں عمانی پیشرفت کو سراہا اور اپنے والد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا پیغام بھی شیئر کیا۔انہوں نے بتایا مسقط روانگی سے قبل میرے والد محمد نواز شریف نے مجھے الوداع کرتے ہوئے اس دورے کو خوش بختی قرار دیا اور کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں، میں تین بار وزیراعظم رہنے کے باوجود مسقط نہیں جا سکا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب پاکستان کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ صوبے میں ایکوا کلچر کے فروغ کے لیے مظفرگڑھ کے علاقوں شاہ گڑھ، علی والا اور سرگودھا میں شریمپ فارمنگ کے کامیاب ٹرائلز کیے گئے ہیں۔شاہ گڑھ میں پاکستان کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ ایکوا کلچر مال اور شریمپ ڈائیگناسٹک لیب قائم کی جائے گی جبکہ بہاولپور سمیت 30 ہزار ایکڑ اراضی پر شریمپ فارمنگ کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس میں چین، ناروے، ویت نام اور انڈونیشیا کی طرز پر جدید مشینری استعمال ہو رہی ہے۔ وزیراعلی نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید بتایا کہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت دو سے ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر ہاسنگ سیکٹر کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو رہی ہے، اور انہی روزگار و بہتر مستقبل کے مواقع کی بدولت دیگر صوبوں سے لوگ پنجاب کا رخ کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عمانی وزیر زراعت سے اہم ملاقات،پاکستانی ہنر مندوںکی عمان آمد پر عائد پابندیاں اٹھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
