لاہور(آئی پی ایس )پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانونی اصلاحات کا اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں غیر نفع بخش ادارے کو قانونی طور پر تسلیم کرنے کی تجویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔کمیٹی اجلاس میں نان فار پرافٹ ادارے سے متعلق قانونی و ضابطہ جاتی امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ نان فار پرافٹ ادارے سے متعلق قانون سازی کا آئین پاکستان اور ٹیکس قوانین کی روشنی میں بھی جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے صوبے کے حسابات سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹس بروقت اسمبلی میں پیش کرنے پر غور کیا اور رپورٹس اسمبلی میں بروقت پیش کرنے کے لیے آئینی طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹس اسمبلی میں پیش کرنے کے معاملے پر آئین کے آرٹیکل 171 کے تحت طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے آڈیٹر جنرل کو رپورٹس اسمبلی میں پیش کرنے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کی ہدایت کی جبکہ آرٹیکل 171 کے تحت آڈیٹر جنرل کی رپورٹس بروقت پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے سے متعلق ہدایات پر بھی غور کیا گیا۔قائمہ کمیٹی نے آڈیٹر جنرل رپورٹس بروقت اسمبلی میں پیش کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور آئینی طریقہ کار کی مکمل پاسداری یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں کمیٹی ارکان، پنجاب اسمبلی افسران اور متعلقہ سرکاری محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
