اسلام آباد (سب نیوز) ازبکستان کی قومی فضائی کمپنی ازبکستان ایئر ویز نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تاشقند، اسلام آباد روٹ پر اضافی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی پروازوں کا آغاز 26 اکتوبر 2026 سے ہوگا، جس کے بعد دونوں شہروں کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی تعداد دو سے بڑھ کر تین ہو جائے گی۔
ازبکستان ایئر ویز اس وقت تاشقند، اسلام آباد، تاشقند روٹ پر ہر منگل اور ہفتہ کو پروازیں چلا رہی ہے، تاہم نئے شیڈول کے تحت 26 اکتوبر سے یہ پروازیں پیر، بدھ اور جمعہ کو آپریٹ کی جائیں گی۔ نئے شیڈول سے مسافروں کو سفر کی منصوبہ بندی میں مزید سہولت اور لچک میسر آئے گی۔
اضافی پروازوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مسافروں کی آمدورفت کی گنجائش بڑھانے کے ساتھ سیاحت، تجارت، کاروباری روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام سے سیاحوں، کاروباری افراد اور ٹرانزٹ مسافروں کو بھی زیادہ سہولت حاصل ہوگی۔
نئے فضائی رابطے سے بالخصوص پاکستان سے ازبکستان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافے، مذہبی سیاحت کے فروغ اور ازبکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ بہتر فضائی سہولیات کے باعث پاکستانی سیاحوں کے لیے سمرقند، بخارا اور خیوا جیسے تاریخی شہروں کا سفر مزید آسان ہوگا، جو قدیم شاہراہِ ریشم کے اہم مراکز سمجھے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ پروازوں میں اضافے سے تاشقند کا علاقائی فضائی ٹرانزٹ مرکز کے طور پر کردار مزید مضبوط ہوگا، جس سے سیاحوں کو وسطی ایشیا کے دیگر ممالک تک سفر کے اضافی مواقع بھی میسر آئیں گے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 کے دوران 20 ہزار سے زائد پاکستانی سیاحوں نے ازبکستان کا دورہ کیا، جبکہ رواں سال کے پہلے نو ماہ میں یہ تعداد تقریباً 20 ہزار تک پہنچ گئی۔ یہ اعداد و شمار دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات کو ظاہر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ہفتہ وار آٹھ باقاعدہ پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جن میں تاشقند، لاہور روٹ پر چار، اسلام آباد، تاشقند روٹ پر دو جبکہ تاشقند اور کراچی کے درمیان بھی پروازیں شامل ہیں۔ اضافی پرواز کے آغاز کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ہفتہ وار باقاعدہ پروازوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر نو ہو جائے گی۔
توقع ہے کہ اس پیش رفت سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان فضائی رابطوں کو وسعت دینے، دوطرفہ سیاحت بڑھانے اور تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
تاشقند، اسلام آباد روٹ پر اضافی پروازیں 26 اکتوبر سے شروع ہوں گی، ازبکستان ایئر ویز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
