لاہور(سب نیوز)پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر اسٹیفن رے نے لاہور کے اپنے پہلے دورے کے دوران پاکستان میں کام کرنے والی بڑی سوئس کمپنیوں کے صنعتی و کاروباری مراکز کا دورہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، توانائی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔سوئس سفیر نے شیخوپورہ میں نیسلے پاکستان کی فیکٹری کا دورہ کیا، جہاں کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر جیسن اوینسینا اور ان کی ٹیم نے ان کا استقبال کیا۔
سفیر نے پیداواری یونٹ کا معائنہ کیا اور کمپنی کے معیار، متنوع مصنوعات اور پائیداری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ نیسلے پاکستان کا شمار ملک میں کام کرنے والی بڑی سوئس کمپنیوں میں ہوتا ہے۔اس موقع پر سفیر اسٹیفن رے نے لاہور میں سوئس کمپنی اے بی بی کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور کمپنی کے پاکستان میں کنٹری ہولڈنگ آفیسر ہاشم غوث اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ گفتگو کے دوران ٹیکنالوجی، بجلی کی فراہمی کے جدید نظام، آٹومیشن، پائیدار توانائی، صنعتی جدت اور تکنیکی ترقی میں اے بی بی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر نے پاکستان میں کمپنی کی سماجی سرگرمیوں کو بھی سراہا۔پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے میں موجود وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر نے لاہور میں منعقدہ انٹرنیشنل گارمنٹ، ٹیکسٹائل مشینری اینڈ ایکسیسریز نمائش و کانفرنس میں شریک سوئس کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیا۔
سوئس کمپنیوں نے نمائش میں اپنی جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور اختراعی مصنوعات پیش کیں۔سفیر اسٹیفن رے نے نمائش میں شریک سوئس کمپنیوں کے غیر ملکی وفود کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا، جس میں ان کمپنیوں کے مقامی شراکت داروں، لاہور میں موجود سوئس کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس ملاقات کا مقصد کاروباری روابط کو فروغ دینا اور پاکستان و سوئٹزرلینڈ کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔اپنے دورے کے دوران سوئس سفیر نے لاہور کے تاریخی اور ثقافتی ورثے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اندرون لاہور، لاہور میوزیم اور شالامار باغات کا دورہ کیا اور شہر کے تاریخی فن تعمیر، تہذیبی روایات اور ثقافتی اہمیت کا مشاہدہ کیا۔دورے کے اختتام پر سفیر نے معروف ثقافتی شخصیت یوسف صلاح الدین اور ان کے اہل خانہ سے بارود خانہ حویلی میں ملاقات کی، جہاں لاہور کی ثقافت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے دوستانہ گفتگو ہوئی۔سوئس سفیر کے اس دورے کو پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط، صنعتی جدت، پائیدار ترقی اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
