ہومپاکستانپنجاب: تربیلا اور کالا باغ میں نچلے درجے کا سیلاب

پنجاب: تربیلا اور کالا باغ میں نچلے درجے کا سیلاب

لاہور: پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، تاہم دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں، نالہ پلکھو اور دیگر نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی کے اہم ملحقہ نالہ ڈیگ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ نالہ ڈیگ میں پانی کا ڈسچارج 15 ہزار 500 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 21 ہزار جبکہ تربیلا میں 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 77 فیصد بھر چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے شہریوں سے موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیروتفریح سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں دریاؤں، ندی نالوں میں ہرگز نہانے کی اجازت نہ دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔