ہومبریکنگ نیوزآئیسکو نجکاری کیلیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

آئیسکو نجکاری کیلیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

اسلام آباد((آئی پی ایس )نجکاری کمیشن نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈمیں نجی شعبے کی شمولیت اور نجکاری کے لیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا دی ہے، جس کے بعد اب اظہار دلچسپی 21 ستمبر 2026 کو شام 4 بجے تک جمع کرایا جاسکے گا۔ نجکاری کمیشن کے مطابق آخری تاریخ میں توسیع کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو شرکت کے لیے مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام کے ذریعے نجکاری کے عمل کو زیادہ مسابقتی اور شفاف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔حکومت پاکستان کے نجکاری پروگرام کے تحت بجلی کی 3 تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے کی شمولیت کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان کمپنیوں میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی شامل ہیں۔نجکاری پروگرام کے تحت فیسکو، گیپکو اور آئیسکو میں ہر کمپنی کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ حصص کے ساتھ متعلقہ کمپنی کا انتظامی کنٹرول بھی سرمایہ کاروں کو دینے کی پیشکش شامل ہے۔

نجکاری کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اظہار دلچسپی کے عمل سے متعلق دیگر تمام شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گے۔ آخری تاریخ میں توسیع سے ممکنہ سرمایہ کاروں کو ضروری تکنیکی، مالی اور دیگر جائزے مکمل کرنے کے لیے اضافی وقت ملے گا۔کمیشن کے مطابق اضافی مہلت سے سرمایہ کار ضروری جائزوں، یعنی ڈیو ڈیلیجنس، کی تکمیل کے بعد اپنی اظہار دلچسپی جمع کراسکیں گے۔ اس توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ اہل سرمایہ کاروں کی مسابقتی عمل میں شرکت ممکن بنانا بھی ہے۔دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار مزید معلومات اور اظہار دلچسپی سے متعلق دستاویزات نجکاری کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔