ہومبریکنگ نیوزپیپلز پارٹی کا این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں امیدوار نہ لانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کا این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں امیدوار نہ لانے کا فیصلہ

لاہور (آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں اپنا امیدوار نامزد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پارٹی ہمیشہ اصولی سیاست، جمہوری اقدار اور سیاسی معاہدوں کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان طے شدہ سیاسی ضابطہ اخلاق کے تحت این اے 168 میں امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سید نیئر حسین بخاری کے مطابق معاہدے کے تحت اگر گزشتہ عام انتخابات میں کسی اتحادی جماعت کا امیدوار کامیاب ہوا ہو یا دوسرے نمبر پر آیا ہو تو دوسری جماعت وہاں اپنا امیدوار نامزد نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی معاہدے کی روح کے مطابق عمل درآمد ہی جمہوری روایات اور سیاسی استحکام کی ضمانت ہے، اسی لیے سیاسی رواداری اور باہمی احترام کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لے گی۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ملکی مفاد اور سیاسی استحکام کے لیے اتحادی معاہدوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔ پیپلز پارٹی آئندہ بھی باہمی احترام، جمہوری اقدار اور طے شدہ معاہدوں کی مکمل پاسداری جاری رکھے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔