اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں، جس کی تصدیق دفاعی چیمپیئن ڈیزرٹ وائپرز کے کپتان شاداب خان نے کردی ہے۔ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان لیگ مرحلے کے میچ کے ٹاس کے موقع پر شاداب خان نے بتایا کہ نسیم شاہ اب ٹورنامنٹ کے بقیہ مقابلوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور ان کے خیال میں وہ پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں، جو ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے یہ بات ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد کہی۔نسیم شاہ کو پیر کے روز شارجہ واریئرز کے خلاف میچ میں انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں ڈیزرٹ وائپرز نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
واقعہ شارجہ واریئرز کی اننگز کے 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر پیش آیا، جب نسیم شاہ نے شاندار یارکر پر پال والٹر کو بولڈ کیا، تاہم گیند کرانے کے فورا بعد وہ اپنے فالو تھرو کے دوران لڑکھڑا کر آگے کی جانب گر پڑے۔نسیم شاہ کو گرانڈ میں طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کے بائیں گھٹنے پر بڑی مقدار میں پٹی باندھی گئی، تاہم وقفے کے بعد بھی انہیں تکلیف کا سامنا رہا اور بالآخر وہ لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔
23 سالہ فاسٹ بولر اس انجری کے باعث ٹورنامنٹ میں ڈیزرٹ وائپرز کے تیسرے میچ میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے، جو دبئی کیپیٹلز کے خلاف کھیلا گیا تھا۔ اب کپتان شاداب خان نے ان کی بقیہ میچز میں عدم دستیابی کی تصدیق کردی ہے۔
نسیم شاہ رواں سال آئی ایل ٹی 20 میں ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے صرف 2 میچز کھیل سکے، جن میں انہوں نے 18.33 کی اوسط اور 8.04 کے اکانومی ریٹ سے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فرنچائز کی جانب سے تاحال نسیم شاہ کی انجری کی نوعیت اور صحت یابی کے دورانیے کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم اس انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آئندہ اہم مقابلوں میں ان کی شرکت بھی غیر یقینی ہوگئی ہے۔
