لندن (سب نیوز)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں برطانیہ کے وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاٹی سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت تجارتی، معاشی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔27اگست 2026 کو ہونے والی اس بیٹھک میں دونوں رہنماوں نے افغانستان اور مشرقِ وسطی کی صورتحال سمیت علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیرِ اعظم نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی روابط کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماوں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، ابھرتے ہوئے شعبوں میں شراکت داری، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط اور فعال پل قرار دیا۔
اجلاس کے دوران مشرقِ وسطی اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے کے پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل رابطہ کاری ہی موثر راستہ ہے۔برطانوی وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاٹی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا اور باہمی و علاقائی امور پر پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری برقرار رکھنے کے برطانوی عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار اوربرطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈاٹی کی ملاقات ، قیام امن کیلئے سفارتکاری تیز کرنے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
