ہومپاکستانپاکستان، جرمنی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے آر سی سی آئی کا جرمن ٹریڈ ڈیسک کے قیام پر زور

پاکستان، جرمنی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے آر سی سی آئی کا جرمن ٹریڈ ڈیسک کے قیام پر زور

راولپنڈی(سب نیوز)پاکستان میں جرمنی کی سفیر اِنا لیپل نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور مختلف کاروباری شعبوں سے وابستہ نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے پاکستان میں جرمن ٹریڈ ڈیسک کے قیام کی تجویز پیش کی، تاکہ پاکستانی کمپنیوں اور کاروباری افراد کو جرمنی میں نئی منڈیوں، کاروباری مواقع اور تجارتی شراکت داریوں کی تلاش میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے پاکستان جرمنی جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کی تجویز بھی دی تاکہ کاروباری روابط، نیٹ ورکنگ اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زراعت و ایگری ٹیک، آئی ٹی و سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، فن ٹیک، اسمارٹ و توانائی مثر تعمیرات، فارماسیوٹیکلز، قیمتی پتھر و معدنیات، کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور ایس ایم ایز سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔عثمان شوکت نے کہا کہ جرمنی یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2.5 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان کی جرمنی کو برآمدات تقریبا 1.7 ارب ڈالر جبکہ درآمدات تقریبا 880 ملین ڈالر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی برآمدات کے فروغ میں جی ایس پی پلس فریم ورک کے لیے جرمنی کی مسلسل حمایت کو سراہا۔کاروباری برادری کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر اِنا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی، صحت و سماجی تحفظ، نجی شعبے کی ترقی اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔جرمن سفیر نے پاکستانی ایس ایم ایز کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت اور ماحول دوست و پائیدار پیداواری طریقوں کے فروغ کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری شعبے کی مشکلات کے باوجود ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس سے متعلق امور پر مزید پیش رفت اور تعاون ضروری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔