اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گیدیش دومنگیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور پرتگال کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، تعلیم، ثقافت اور بلیو اکانومی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پرتگالی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی ابھرتی ہوئی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی تعاون، عوامی روابط، افرادی قوت کی نقل و حرکت اور پاکستانی و پرتگالی جامعات کے درمیان طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیق کے فروغ کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
انہوں نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیا۔ دونوں جانب سے پاکستان پرتگال تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
