ہومپاکستانپاکستان، ایتھوپیا زراعت اور لائیو اسٹاک میں پوشیدہ صلاحیتوں سے استفادہ کے لیے پرعزم

پاکستان، ایتھوپیا زراعت اور لائیو اسٹاک میں پوشیدہ صلاحیتوں سے استفادہ کے لیے پرعزم

اسلام آباد، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر عزت مآب ڈاکٹر اومر حسین اوبا کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں زراعت، لائیو اسٹاک، غذائی تحفظ، زرعی تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں دونوں زرعی معیشت رکھنے والے ممالک کے درمیان زرعی تعاون کے وسیع امکانات کا جائزہ لیا گیا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ دوطرفہ خیرسگالی کو عملی منصوبوں، تجارتی مواقع اور ادارہ جاتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔

رانا تنویر حسین نے زرعی تحقیق، جدید زرعی ٹیکنالوجی، زرعی مشینری، آبپاشی، لائیو اسٹاک کی ترقی اور زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں پاکستان کی مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنا تجربہ اور تکنیکی مہارت شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان زرعی تحقیق، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ، بیجوں کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت، آبپاشی، زرعی میکانائزیشن اور لائیو اسٹاک کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو نمایاں طور پر وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بالخصوص ایتھوپیا میں پاکستانی زرعی مشینری، ٹریکٹرز، آبپاشی کے جدید حل اور زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق مہارت کو فروغ دینے کے مواقع پر زور دیا۔

دونوں جانب سے لائیو اسٹاک کے شعبے میں جانوروں کی افزائش نسل، ویٹرنری خدمات، بیماریوں کی روک تھام و کنٹرول، ڈیری اور گوشت کی پیداوار، چارہ اور خوراک کی ترقی اور جدید لائیو اسٹاک ویلیو چینز میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رانا تنویر حسین نے دوطرفہ زرعی تجارت کے فروغ اور مارکیٹ تک بہتر رسائی کے لیے سینیٹری اینڈ فائٹو سینیٹری (SPS) معیارات کے حوالے سے مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبے کے درمیان براہِ راست روابط اور مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی راستہ فراہم کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے زراعت و لائیو اسٹاک کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ (JWG) کے قیام کی پاکستان کی تجویز کا بھی ذکر کیا، جو باقاعدہ رابطے، تکنیکی تبادلوں اور مشترکہ تعاون کے مخصوص پروگراموں کی تشکیل کے لیے ایک مؤثر ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے زرعی تعاون کو مضبوط بنانے میں پاکستان کی دلچسپی کو سراہا اور ایتھوپیا میں زرعی اجناس اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زراعت، لائیو اسٹاک، تجارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے ملک کی آمادگی کا اظہار کیا۔

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ محض عمومی دلچسپی کے اظہار کے بجائے نتائج پر مبنی تعاون کی جانب پیش رفت کی جائے، جس میں مخصوص منصوبوں، تکنیکی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور زرعی تجارت کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

دونوں جانب سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان زرعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور زراعت، لائیو اسٹاک، غذائی تحفظ اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی مفاد کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔