ہومبریکنگ نیوزحکومت سے کامیاب مذاکرات، کاکروچ جنتا پارٹی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا

حکومت سے کامیاب مذاکرات، کاکروچ جنتا پارٹی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا

نئی دہلی(آئی پی ایس )بھارت میں امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے خلاف کئی ہفتوں سے جاری احتجاج بالآخر حکومت اور کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔نئی دہلی میں بھارتی مرکزی وزیر جے پی نڈا اور وزیر مملکت جتیندر سنگھ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی جے پی کے ترجمان نے کہاکہ حکومت نے جماعت کے تمام اہم مطالبات تسلیم کر لیے ہیں

، اس لیے ملک بھر کے مظاہرین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا احتجاج پرامن انداز میں ختم کر دیں۔ترجمان کے مطابق حکومت نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے سمیت دیگر مطالبات بھی منظور کر لیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نیٹ امتحان کا پرچہ لیک ہونے کے بعد خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ احتجاجی تحریک سے وابستہ کارکنوں کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت نے تعلیمی اصلاحات کے لیے سی جے پی کے پیش کردہ پانچ نکاتی ایجنڈے سے بھی اصولی اتفاق کیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں آئندہ بھی مذاکرات کا عمل جاری رہے گا تاکہ اصلاحات کو عملی شکل دی جا سکے۔سی جے پی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں جماعت کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی، جبکہ اس حوالے سے آئندہ منگل تک تحریری ضمانت بھی فراہم کی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔