اسلام آباد (آئی پی ایس )پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جب کہ دونوں رہنماں نے انتخابی اصلاحات کمیٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق طارق فضل چوہدری نے عامر ڈوگر سے پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کی درخواست کی اور کہا کہ اپوزیشن سپیکر کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کے لیے نام جلد بھجوائے، اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت سے پارلیمنٹ اور جمہوریت مضبوط ہوگی، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپوزیشن کا کردار اہم ہوگا۔
ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر نے طارق فضل سے سوال کیا کہ پارلیمانی کمیٹی کی کمپوزیشن کیا ہے، طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل میں ہر جماعت کی پارلیمانی قوت کو مدنظر رکھا جائے گا، نشستوں کے تناسب سے حکومت کے 15 اور اپوزیشن کے 5 ارکان قومی اسمبلی رکن ہوں گے۔ذرائع نے کہا کہ عامر ڈوگر نے سوال کیا کہ کمیٹی میں انتہائی کم نمائندگی کے ساتھ اپوزیشن کیا کردار ادا کرے گی؟
عامر ڈوگر نے حکومت سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے فارمولہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا۔عامر ڈوگر نے تجویز دی کہ دوہزار تیرہ میں جو انتخابی اصلاحات کمیٹی تھی اس کی تشکیل کا فارمولہ مدنظر رکھا جائے، عامر ڈوگر نے طارق فضل چوہدری کو جواب دیا کہ پارلیمانی قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کو جواب دوں گا۔
عامر ڈوگر نے مطالبہ کیا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو سب سے پہلے ہمارے انتخابات چوری ہوئے کی تحقیقات کرنی چاہیے، طارق فضل نے جواب دیا کہ ٹی او آرز کمیٹی نوٹیفکیشن کے بعد مرتب ہوں گے، کھلے دل اور کھلے ذہن سے آگے بڑھیں گے، اپوزیشن جلد نام دے تاکہ نام موصول ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جلد کرسکیں۔
