ہومتازہ ترینعطا تارڑسے سعودی سفیر کی ملاقات، ادیبوں، فنکاروں، موسیقاروں میڈیا نمائندگان کے تبادلے پر اتفاق

عطا تارڑسے سعودی سفیر کی ملاقات، ادیبوں، فنکاروں، موسیقاروں میڈیا نمائندگان کے تبادلے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز) وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے، دونوں ممالک کے ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں اور یہ تعلق محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے معاشی اور ثقافتی میدان میں نمایاں تبدیلی کی ہے سعودی عرب کے شہر العلا میں سیاحت کا فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔
انہوں نے پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے بے پناہ قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کا حامل ملک ہے ملاقات میں غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری میں تعاون پر بھی زور دیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی، جس میں دونوں ممالک کے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں۔ انہوں نے سعودی سفیر کو سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی آگاہی اور اہم حکومتی اقدامات کی تشہیر سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ان کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ عطا اللہ تارڑ نے ملاقات کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کا ذکر بھی کیا، جنہوں نے 2009 میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔
سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے آغاز میں وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔