اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت برآمدی شعبے کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے برآمدات سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) پر زور دیا کہ وہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
وزیر مملکت نے ان خیالات کا اظہار فنانس ڈویژن میں ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے قائم وزیراعظم کی کمیٹی کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکریٹری تجارت، وزارت خزانہ اور وزارت تجارت کے اسپیشل سیکریٹریز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اعلی حکام، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے) اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی،
جبکہ نمایاں برآمد کنندگان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کو مزید آسان اور مثر بنانے اور اسے تجارت کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بلال اظہر کیانی نے واضح کیا کہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کی کسی بھی کیٹیگری میں شمولیت کے لیے مقرر کردہ اہلیت کے معیار کا اطلاق بلاامتیاز تمام درخواست گزاروں پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت طے شدہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) میں کسی کو بھی استثنی نہیں دیا جائے گا۔وزیر مملکت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برآمد کنندگان کے لیے کیپٹل گڈز اور پیداواری مشینری کی درآمد سے متعلق قواعد و ضوابط کو مزید واضح اور آسان بنایا جائے تاکہ برآمدی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کی جاسکے۔
