اسلام آباد(سب نیوز)ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پولیس لائنز پہنچ گئے۔پریڈ گراونڈ آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے اعزاز میں شاندار پریڈ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اس سے قبل ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے اپنے دور پاکستان کے دوران پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔سکندر مومنی نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ کو پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، انہوں نے یادگارِ شہدا اور پاکستان مونومنٹ کی تاریخی و قومی اہمیت کو سراہا، جبکہ شکر پڑیاں سے اسلام آباد شہر اور مارگلہ کے پہاڑی سلسلے کا بھی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کی پولیس لائنز میں یادگارِ شہدا پر حاضری ، سلامی پیش کی گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
