اسلام آباد: (سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کے مارکیٹنگ دفاتر اور سائٹ آفس سیل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق کشمیر گارڈنز ایگرو فارمنگ اسکیم، اسلام آباد ایکسپریس وے، زون 4 میں سوسائٹی کے دفاتر سیل کیے جائیں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کشمیر گارڈنز فارمنگ ایگرو اسکیم کا 2,660 کنال پر مشتمل لے آؤٹ پلان 26 فروری 2013 کو صرف دو ماہ کے لیے عارضی طور پر منظور کیا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت میں مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کرانے کے باعث یہ عارضی منظوری بعد ازاں منسوخ کردی گئی۔
سی ڈی اے کے مطابق سوسائٹی کو جون 2025 اور جون 2026 میں مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم متعلقہ دستاویزات جمع نہیں کرائی گئیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکیم میں لے آؤٹ پلان کی منظوری اور سی ڈی اے سے این او سی حاصل کیے بغیر ترقیاتی کام شروع کیے گئے جبکہ عمارتیں بھی منظوری کے بغیر تعمیر کی گئیں، جسے سی ڈی اے نے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔
سی ڈی اے نے بتایا کہ سوسائٹی کو 4 ستمبر 2026 کو حتمی نوٹس بھی جاری کیا گیا، تاہم اس کی جانب سے مبینہ بے ضابطگیوں اور خلاف ورزیوں پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔سی ڈی اے نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ویسٹ) کو جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کمیونٹی سینٹر، سیکٹر جی-15 مرکز، مین جی ٹی روڈ زون-2 اور اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ واقع سائٹ آفس کو سیل کرنے کی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔مراسلے کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مزید کارروائی اور متعلقہ قوانین کے تحت اقدامات کے لیے سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

