ملتان: (آئی پی ایس) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے جبکہ احتجاج جاری رہے گا۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی مسائل پر بات کرتی ہے، پٹرول کی قیمت اور ٹیکس وصول کر کے حکومت اپنی کرپشن چھپاتی ہے، ملک کے 42 شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کو تحریری طور پر لیوی ختم کرنے کا کہا لیکن جواب نفی میں ملا، کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں، کراچی سے روہڑی اور روہڑی سے ملتان تک ٹرین مارچ شروع کیا، عوامی مسائل کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے ملک میں بدترین صورتحال ہے، حکومت کا ریلیف پیکج ان کے لیے بہتر ہوگا، ہمارے لیے کچھ نہیں، ہماری تحریک مزید آگے بڑھ رہی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت عوام سے لیوی کی مد میں بھتہ وصول کر رہی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ درخواست کرتے ہیں لانگ مارچ ملتوی کر دی جائے، ہم اپنے احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے، کارکنان کا جذبہ دیکھ لیں، یہ رکنے والے نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت حالات کا جو بھی کہے، ہم نہیں رکیں گے، دھرنے جاری رہیں گے، لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے تحریری یقین دہانی لیں گے، اس طرح کی صورتحال کی حکومت خود ذمہ دار ہے، ہمارا ایجنڈہ فساد یا جھگڑا نہیں عوام کا ریلیف ہے، وزیر اعظم جلدی وطن واپس آئیں، ان کے ساتھ بات کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے اگر ریلیف دیا تو ٹھیک ورنہ لانگ مارچ جاری رہے گا، ملتان میں ہمارا پڑاؤ ہے، ریلیف نہ ملنے کی صورت میں لانگ مارچ آگے بڑھے گا،ملاقات کریں گے اور بات بھی، لیکن لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
