ہومپاکستانوفاقی وزیر احسن اقبال کی پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت

وفاقی وزیر احسن اقبال کی پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت

شکاگو(سب نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے شکاگو میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، کاروباری شخصیات، ٹیکنالوجی ماہرین اور مالیاتی شعبے سے وابستہ ممتاز افراد کو پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری، اختراع اور علم پر مبنی معیشت کی تعمیر میں فعال شراکت کی دعوت دے دی۔اجلاس میں فارچیون 500 کمپنیوں کے سابق اعلی عہدیداروں، مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ ممتاز ماہرین، امریکی ٹیکنالوجی سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پاکستانی نژاد امریکی شخصیات نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں قومی سلامتی، موثر سفارت کاری اور معاشی استحکام میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن سے مضبوط رشتہ رکھتے ہیں جبکہ پاکستانی نژاد امریکی برادری نے ٹیکنالوجی، مالیات، صحت، توانائی، تعلیم اور تحقیق سمیت ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے مشکل مگر ناگزیر معاشی اصلاحات کے ذریعے ملک کو دوبارہ معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، مہنگائی میں نمایاں کمی لائی، شرحِ سود میں کمی ممکن بنائی اور پاکستان کو عالمی سطح پر معاشی بحالی کی ایک کامیاب مثال کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنی سرمایہ کاری، تجربے، پیشہ ورانہ روابط اور مہارتوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار نے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ موزوں وقت ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاکستان کو اپنی سرمایہ کاری اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا اہم مرکز بنائیں۔ احسن اقبال نے اجلاس کے شرکا کو حکومت کے قومی معاشی تبدیلی کے پروگرام اڑان پاکستان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 2035 تک پاکستان کو ایک کھرب ڈالر اور 2047 تک تین کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کی بنیاد فائیو ایز فریم ورک یعنی برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، توانائی و بنیادی ڈھانچہ، اور مساوات و بااختیاری پر رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، سیاحت، معدنیات، بلیو اکانومی، ہنرمند افرادی قوت اور تخلیقی صنعتیں پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے ترجیحی شعبوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت سرمایہ کاری، کاروبار اور اختراع کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فعال شمولیت سے پاکستان اپنی معاشی منزل حاصل کرتے ہوئے ایک مضبوط، مسابقتی اور علم پر مبنی معیشت کے طور پر ابھرے گا۔احسن اقبال نے کہاکہ حکومت پاکستانی نژاد امریکی ماہرین تعلیم، محققین اور سائنسی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔