اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے 20 جولائی سے معمول کی قونصلر خدمات دوبارہ شروع کردیں گے۔یہ فیصلہ کئی ماہ قبل سیکیورٹی خدشات کے باعث خدمات کی معطلی کے بعد کیا گیا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہاکہ 20جولائی سے لاہور اور کراچی کے امریکی قونصل خانے معمول کے مطابق امریکی شہریوں کو قونصلر خدمات اور نان امیگرنٹ (غیر تارکین وطن)ویزوں کی درخواستوں پر کارروائی دوبارہ شروع کریں گے۔سفارت خانے کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں ایک امریکی اہلکار نے ویزا درخواست گزاروں کو خبردار کیاکہ وہ ویزا انٹرویو کی اپائنٹمنٹ یا درخواست جمع کرانے کے لیے کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ فرد کو رقم ادا نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ تمام درخواست گزار اپنی درخواستیں اور اپائنٹمنٹ صرف امریکی سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کریں۔واضح رہے کہ مارچ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں کی معمول کی قونصلر خدمات معطل کر دی گئی تھیں۔
