ہومتازہ ترینآزاد کشمیر کا 2 کھرب 52ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش، سرکاری ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ

آزاد کشمیر کا 2 کھرب 52ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش، سرکاری ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ

مظفرآباد (سب نیوز) وزیر خزانہ آزاد جموں و کشمیر قاسم مجید نے مالی سال 2026-27کا 2 کھرب 52ارب 16 کروڑ 54 لاکھ کا بجٹ پیش کرتے ہوئے سماجی بہبود، خواتین کی ترقی، کھیل، سیاحت، ٹرانسپورٹ اور وائلڈ لائف سمیت مختلف شعبوں کیلئے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیواوں، یتیموں، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر خزانہ نے محکمہ سماجی بہبود کے لیے 11کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی، جبکہ نیشنل اسپیشل ایجوکیشن سینٹر کے ساتھ ہاسٹل کی تعمیر، باغ اور نیلم میں نئے اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کے قیام اور میرپور و کوٹلی میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں کے لیے بھی 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ میں خواتین کو جدید فنی تربیت، قانونی معاونت، طبی سہولیات اور محفوظ رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔کھیلوں کے شعبے کے لیے 35 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بجٹ میں آزاد کشمیر بھر میں منی گرانڈز کی تعمیر، ہٹیاں بالا، ڈماس اور پوٹھہ بینسی میں نئے اسٹیڈیمز، راولاکوٹ اسپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن اور ڈڈیال میں ہاکی ٹرف کی تعمیر بھی شامل ہے۔
سیاحت کے فروغ کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ قلعہ مظفرآباد کی مرمت و بحالی اور گرین ٹورازم کے چار نئے منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کرنے کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے کمپیوٹرائزڈ فٹنس سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔وزیر خزانہ نے وائلڈ لائف اور فشریز کے شعبے کے لیے 2 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مچھلیوں کی افزائش کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔بجٹ تقریر کے دوران قاسم مجید نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔