اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پہلے سرکاری اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اگر وہاں علاج ممکن نہ ہوا تو انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے گا، ضرورت پڑنے پر انہیں بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت عمران خان کے علاج کے حوالے سے عدالتی حکم کی پابند ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع صرف اس لیے کیا تھا تاکہ وضاحت حاصل کی جاسکے کہ عدالت کا فیصلہ صرف ایک قیدی کے لیے ہے یا ملک کے تمام دیگر قیدیوں پر بھی اس کا اطلاق ہوتا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ سے دوبارہ بات کریں گے، انہیں اس سے پہلے بھی اسپتال میں علاج و معالجے کی سہولیات دی گئیں اب بھی دیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی بات پر آج بھی قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت سے رجوع اس لیے کیا ہے کہ پوچھا جائے یہ سہولت صرف ایک شخص کے لیے ہے یا تمام قیدیوں کے لیے بھی ہے، اگر حکومت محسوس کرے گی کہ علاج کی سہولت بیرون ملک ہے تو وہاں بھی بھیجا جائے گا، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ضرور ہوگا۔
عمران خان کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ بھی ہوسکتا ہے،طارق فضل چوہدری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
