ہومتازہ ترینصوبوں سے مشاورت کے ساتھ جامع قومی زرعی پالیسی مرتب کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

صوبوں سے مشاورت کے ساتھ جامع قومی زرعی پالیسی مرتب کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ صوبوں سے مشاورت کے ساتھ جلد از جلد ایک جامع قومی زرعی پالیسی مرتب کی جائے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیم نو اور زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ زرعی شعبے میں ایک اعلی سطحی فورم قائم کیا جائے، جو زرعی جدت اور ترقیاتی منصوبے پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ زرخیز زرعی قرض پروگرام کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ کسانوں کی آسان زرعی قرضوں تک رسائی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی)کو زرعی تحقیق کا حقیقی مرکز بنایا جائے۔ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور پانی و کھاد کی بروقت اور مناسب فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، بہتر گوداموں اور جدید ذخیرہ اندوزی کے نظام پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر اس وقت آزمائشی بنیادوں پر کثیر اناج کے آٹے (ملٹی گرین فلور)کی تیاری کر رہا ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ایپ تیار کی جا رہی ہے، جو کسانوں کو فصلوں میں کیڑوں اور بیماریوں پر مثر قابو پانے میں مدد فراہم کرے گی۔مزید بتایا گیا کہ نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کے لیے مالی وسائل فراہم کرے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حال ہی میں قومی سیڈ پالیسی اور قومی زرعی بایوٹیکنالوجی پالیسی کی منظوری دی جا چکی ہے۔
پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی پر مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور اسے جلد منظوری کے لیے پیش کیا جائیگا۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گندم سے متعلق قومی پالیسی اور لائیو اسٹاک سے متعلق متعدد پالیسیوں پر مشاورت جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت احمد عمیر اور متعلقہ اداروں کے سینیئر حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔