نارووال (سب نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جموں کے مہاجرین نے کشمیر کے لیے عظیم قربانیاں دیں، ان کی نمائندگی ختم نہیں کی جاسکتی، مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا بھارت کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہوگا۔
نارووال میں تقریب سے خطاب میں آزادکشمیر احتجاج سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مطالبات کے حل کیلئے پارلیمنٹ، عدالت اور ریفرنڈم کے آئینی راستے موجود ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تشدد اور ڈنڈے کے زور پر ایجنڈا نافذ کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے، اگر ایک جتھے کے سامنے جھکے تو کل درجنوں جتھے ریاست کو یرغمال بنا لیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جموں کے مہاجرین نے کشمیرکے لیے عظیم قربانیاں دیں، ان کی نمائندگی ختم نہیں کی جاسکتی، مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا بھارت کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہوگا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جموں کے مہاجرین بھی اتنے ہی کشمیری ہیں جتنے وادی کشمیر کے لوگ ہیں۔

