Sunday, June 7, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانبلاول بھٹو کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش،معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ

بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش،معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروں گا اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی کے فورم سے نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج اور پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک تھیں۔اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کے درمیان آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور کو حالیہ صورتحال کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں، جنہیں دونوں رہنماں نے تفصیل سے سنا۔اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی کے فورم سے نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔