Friday, June 5, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزاٹھارہویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا پنجاب آج دفاع کے لیے تیار نہیں، بلاول بھٹو کی ن لیگ پر تنقید

اٹھارہویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا پنجاب آج دفاع کے لیے تیار نہیں، بلاول بھٹو کی ن لیگ پر تنقید

گلگت(آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام انتخابات میں ہماری پارٹی کو واضح اکثریت دیتے ہیں تو جیالا وزیراعلی بننے کے بعد عوام کو زمین کی ملکیت کا حق دلایا جائے گا۔

گلگت کے شاہی پولو گرانڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ 18ویں آئینی ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پنجاب نے اٹھایا، لیکن آج وہی اس کے تحفظ کے لیے تیار نہیں ہے۔انہوں نے دعوی کیاکہ گلگت بلتستان کے گزشتہ انتخابات میں ان کی جماعت کی جیتی ہوئی نشستیں چھین لی گئیں، حالانکہ فارم 45 کے مطابق پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت حاصل تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس بار عوام کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے خود تیار رہنا ہوگا تاکہ کسی کو مینڈیٹ چرانے نہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حقِ ملکیت کا قانون پہلے ہی منظور ہو چکا ہے، اور اگر 7 جنوری کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو اس قانون پر عملی طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اگر ہماری حکومت نہ بنی تو اس قانون کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

بلاول بھٹو نے مخالف سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر خیبرپختونخوا میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے مخصوص مقاصد میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی حریف انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں مگر ان کی کوشش عوامی مفاد کے بجائے دوسرے ایجنڈوں پر مرکوز ہے۔ پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے۔

ن لیگ کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس جماعت نے اٹھارہویں ترمیم سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا، وہی آج اس کے دفاع سے گریزاں ہے، اس لیے وہ گلگت بلتستان کے مسائل میں بھی سنجیدہ کردار ادا نہیں کر سکتی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی مضبوطی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے فیصلوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔

ان کے مطابق پاکستان کی خودمختاری کو مستحکم بنانے میں پیپلز پارٹی کا کلیدی کردار رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران سیکیورٹی فورسز امن کے لیے کوششیں کررہی ہیں اور امید ہے کہ یہ کوششیں جلد کامیاب ہوں گی، تاکہ عوام کو معاشی اور سماجی ریلیف مل سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔