اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن کے انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی اور آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق گفتگو کی۔احسن اقبال نے کہاکہ وہ میرپور ڈویژن کے عوام کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار کیا۔
احسن اقبال نے کہاکہ میرپور ڈویژن کے عوام نے کارکردگی کو ووٹ دیا ہے اور پنجاب کی طرح ترقی کرنا آزاد کشمیر کے عوام کا بھی حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)اور آزاد کشمیر کے عوام کا تعلق چولی دامن کا ہے، جس کا اظہار عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے کیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آزاد کشمیر میں انتخابی نتائج کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے بے بنیاد بیانات دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے الزامات غیر جمہوری اور ناقابل قبول ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ شکست کے بعد بیان بازی کرنا دراصل کشمیری عوام کے ووٹ اور ان کے جمہوری فیصلے کی توہین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری الزام لگاتے ہوئے یہ بھی بھول گئے کہ آزاد کشمیر میں حکومت ان ہی کی جماعت کی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن)نے 13 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات آزاد کشمیر میں امن، استحکام اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے اپنا فیصلہ دیا اور کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دیا۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ن لیگ کا بلاول بھٹو کی تنقید پر جواب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
