Friday, June 5, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزکاشف چوہدری صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا ریٹیلرز کیلئے اسان اور سادہ ٹیکس سکیم کا خیر مقدم

کاشف چوہدری صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا ریٹیلرز کیلئے اسان اور سادہ ٹیکس سکیم کا خیر مقدم

اسلام آباد (آئی پی ایس )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودری نے حکومت کی جانب سے پاکستان کے لاکھوں ریٹیلرز کے لیے متوقع آسان اور سادہ ٹیکس اسکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری 27 اقسام کے ٹیکس ادا کرتی ہے، مہنگی بجلی اور گیس کے بل برداشت کرتی ہے اور مختلف سرکاری اداروں کے دبا اور مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود مسلسل اس الزام کا سامنا کرتی ہے کہ ریٹیلر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔

محمد کاشف چودری نے کہا کہ ایف بی آر کے پیچیدہ نظام، رشوت ستانی اور کرپشن کے باعث پاکستان کا چھوٹا تاجر درجنوں ٹیکس ادا کرنے کے باوجود ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے خوفزدہ رہتا ہے، تاہم اب اگر آسان اور سادہ ٹیکس ریٹرن فارم اردو سمیت مقامی زبانوں جیسے پشتو، سندھی، بلوچی اور دیگر زبانوں میں متعارف کروایا جاتا ہے تو لاکھوں تاجروں کے لیے ریٹرن فائل کرنا آسان ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سادہ ٹیکس نظام کے لیے وزارت خزانہ، وزیر مملکت برائے خزانہ اور ایف بی آر حکام کے ساتھ متعدد ملاقاتیں ہوئیں اور مسلسل یہ مطالبہ کیا گیا کہ عام دکانداروں کو پیچیدہ نظام، پوائنٹ آف سیلز مشینوں، ڈیجیٹل انوائسنگ اور غیر ضروری آڈٹ کے نظام سے نجات دی جائے۔

چھوٹے تاجروں پر لٹکتی خوف اور دبا کی تلوار کی وجہ سے وہ ٹیکس نظام میں شامل ہونے سے گریز کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ نظام کے تحت ہمارے مطالبے پر 0.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس اور عام تاجروں کے لیے 25 ہزار روپے بشمول ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے جس کے نتیجے میں شہروں سے لے کر قصبوں تک لاکھوں تاجر ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکیں گے، ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا اور ریاستی محصولات بھی بڑھیں گی۔

کاشف چودری نے مزید کہا کہ حکومت جتنا تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی اور باعزت طریقے سے ٹیکس وصولی کا نظام بنائے گی، اتنا ہی اعتماد بڑھے گا اور زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق ہی یہ نظام متعارف کرایا جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بجٹ میں اس نظام کو مزید پیچیدہ بنایا گیا یا اس میں اضافی شرائط شامل کی گئیں تو ماضی کی طرح یہ اسکیم بھی ناکامی سے دوچار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس ریٹرن جمع کرانے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ آسان، سادہ اور قابل عمل ٹیکس نظام متعارف کروایا جائے تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔