ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر پر مشتمل امریکی کانگریسی وفد نے پیر کی سہ پہر وزیراعظم ہاس میں ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کانگریس کے دونوں ارکان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی پر کانگریس کے ارکان اور امریکی عوام کو مبارکباد دی، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس کردار کو بھی سراہا جس کے نتیجے میں مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ اور جنگ بندی ممکن ہوئی۔انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ کی بروقت اور فیصلہ کن مداخلت نے کروڑوں انسانی جانوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔امریکی کانگریس کے دونوں ارکان نے دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، جن کے مثبت اثرات دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کانگریسی اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی تعداد اور دورانیے میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی کارپوریٹ سیکٹر کے اعلی حکام کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا۔وفد میں آئی ٹی، ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی امریکی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ شراکتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری، جس کی نمائندگی دورہ کرنے والے کاروباری وفد میں بھی موجود ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم پل کی حیثیت رکھتی ہے۔استقبالیہ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔