Friday, May 22, 2026
ہومپاکستانآئی ایم ایف کا پاکستان کو نئے بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع اور اخراجات کم کرنے پر زور

آئی ایم ایف کا پاکستان کو نئے بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع اور اخراجات کم کرنے پر زور

اسلام آباد (آئی پی ایس )آئی ایم ایف نے پاکستان پر آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع اور اخراجات کم کرنے پر زور دیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)مشن نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور مالی سال 2027 کے بجٹ کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔

آئی ایم ایف کے وفد نے مس ایوا پیٹرووا کی قیادت میں 13 تا 20 مئی اسلام آباد میں قیام کیا، جہاں معیشت کی موجودہ صورتحال اور اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں جاری تنازعات کے معیشت پر اثرات، بجٹ حکمت عملی اور ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پر بات چیت انتہائی تعمیری رہی۔اس دوران حکومتِ پاکستان نے مالی سال 2027 کے دوران جی ڈی پی کے 2 فیصد کے برابر بنیادی سرپلس حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ اس ہدف کا حصول معیشت کی مزاحمتی صلاحیت بڑھانے اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ مالیاتی استحکام کو مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا لازمی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس انتظامیہ میں بہتری، اخراجات کو موثر بنانے (کم کرنے)اور وفاقی و صوبائی سطح پر پبلک فنانشل مینجمنٹ کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔دورے کے اختتام پر فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مالی سال 2027 کے بجٹ سے متعلق مذاکرات کا سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔ یہ عمل پاکستان کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی اور اصلاحاتی ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھانے کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔