Wednesday, May 20, 2026
ہومتازہ ترینڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا قومی اداروں کی مضبوطی، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور ثقافتی اقدار کے تحفظ پر زور

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا قومی اداروں کی مضبوطی، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور ثقافتی اقدار کے تحفظ پر زور

اسلام آباد: (سب نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مختلف اہم شخصیات، سرکاری حکام، تعلیمی اداروں کے نمائندگان، سماجی و صحافتی شخصیات اور وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں قومی اداروں کی بہتری، اعلیٰ تعلیم کے فروغ، ثقافتی ہم آہنگی، کفایت شعاری، اور ملکی سیاسی و سماجی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی سیکرٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات و منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹیلی ویژن اشفاق احمد خلیل نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی نشریاتی اداروں کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں قومی ادارے عوام کی آگاہی، تعلیم اور قومی شعور کی بیداری میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت قومی تشخص کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور آج بھی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں سمیت ملک بھر میں معلومات، تعلیم اور تفریح کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ ہے۔

اشفاق احمد خلیل نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ادارے میں جاری اصلاحات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی توسیع اور پی ٹی وی ورلڈ کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی وی کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارے پاکستان کی تمام علاقائی زبانوں، ثقافتوں اور روایات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، نئی جامعات کے قیام، تعلیمی سہولیات کی فراہمی، تحقیق کے فروغ اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنا قومی ترقی اور پائیدار استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں نئی جامعات کے قیام کے ساتھ ساتھ موجودہ تعلیمی اداروں کو جدید تحقیق، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل سہولیات اور تدریسی وسائل سے مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم فراہم کی جا سکے۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے جاری اقدامات، جامعات کی استعداد کار میں اضافے اور ڈگری ویریفیکیشن کے آن لائن نظام پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ایچ ای سی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

اسی سلسلے میں سابق وفاقی وزیر غالب خان اور سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل فاروق خان ناصر کی سربراہی میں ایک وفد نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی امور، عوامی مفاد، معاشی صورتحال اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری بچت مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان وفاق کی علامت کے طور پر مالی نظم و ضبط اور حکومتی بچت پروگرام کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

معروف مصور واصل شاہد نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی اور اپنے فن پاروں اور تخلیقی کام کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے فن اور فنکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنونِ لطیفہ معاشرے کی تہذیبی شناخت، ثقافتی ورثے اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصوری اور دیگر تخلیقی اظہار نہ صرف پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ امن، برداشت اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بھی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اگست میں منعقد ہونے والی فن پاروں کی نمائش کی دعوت قبول کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔