Friday, May 15, 2026
ہومتازہ تریناسرائیل نے لبنان میں معصوم پھولوں کو نشانے پر رکھ لیا، 200سے زائد بچے شہید

اسرائیل نے لبنان میں معصوم پھولوں کو نشانے پر رکھ لیا، 200سے زائد بچے شہید

بیروت (آئی پی ایس )یونیسیف نے انکشاف کیا ہے کہ لبنان میں مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 200 بچے شہید ہو چکے ہیں۔یونیسیف کے مطابق 2مارچ سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان دوبارہ جھڑپیں شروع ہونے کے بعد لبنان میں بچوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔

ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 59 بچے یا تو جاں بحق ہوئے یا زخمی ہوئے، حالانکہ 17 اپریل سے جنگ بندی نافذ العمل ہے۔یونیسیف نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنان کے بچے مسلسل تشدد، نقل مکانی اور خوفناک واقعات کے براہ راست اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان اور سرحدی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے باعث ہزاروں خاندان اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں جبکہ بچوں کی تعلیم، ذہنی صحت اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔

ادارے نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ لبنان میں بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور تمام فریقین بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کریں۔یاد رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی غزہ جنگ کے بعد مزید بڑھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں لبنان کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے اور راکٹ حملے معمول بن چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق مسلسل جنگ اور عدم استحکام لبنان میں ایک نئی انسانی بحران کی شکل اختیار کر رہا ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر بچوں پر پڑ رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔