اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر، ایرینا گانچیوا نے وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کے ہمراہ ایف-9 پارک اسلام آباد میں ڈائس فورم کے زیرِ اہتمام کمیونٹی چلڈرن لائبریری (کتاب پراجیکٹ) اور شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کے مستقبل کے لیے خواندگی، تعلیم، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
پروگرام میں سندس فاؤنڈیشن کے تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ بھی شامل تھا، جہاں تھیلیسیمیا کے مریضوں کی معاونت، آگاہی کے فروغ اور اس بیماری کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اہم اقدامات کو سراہا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر ایرینا گانچیوا نے ڈائس فورم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک متاثر کن اقدام ہے جو عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتابیں ذہن سازی، تنقیدی سوچ کو فروغ دینے اور بالخصوص نوجوان نسل کی ذاتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیم، صحت اور ماحول کی دیکھ بھال ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ذمہ داریاں ہیں، جو معاشرے میں دیرپا اور مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہم ایک روشن اور پائیدار مستقبل کی تعمیر میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔”
