اسلام آباد (سب نیوز)کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) پلاننگ ونگ نے غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں اور غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے شاہین ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم سمیت مختلف منصوبوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق راجہ ذوالقرنین حیدر آف چراہ، ایم/س شاہین ٹاؤن، تمائر گاؤں، بن کڑور روڈ، آف لہتراڑ روڈ، تھانہ نولہ، اسلام آباد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سی ڈی اے کی منظوری، لے آؤٹ پلان (ایل او پی) اور این او سی کے بغیر ترقیاتی کام اور تعمیرات شروع کیں۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے زون 2، 4 اور 5 میں کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم کو سی ڈی اے کی اجازت کے بغیر لانچ یا ڈیولپ نہیں کیا جا سکتا۔ خلاف ورزی پر مذکورہ تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر تمام غیر قانونی ترقیاتی کام، پلاٹوں کی خرید و فروخت، مارکیٹنگ اور تعمیرات بند کی جائیں، اور غیر قانونی تعمیرات کو 7 دن کے اندر ختم کیا جائے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو عمارتوں کو مسمار کرنے اور زمین کے استعمال کو بند کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔
سی ڈی اے نے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بغیر منظوری کسی بھی قسم کی ہاؤسنگ اسکیم یا تعمیرات غیر قانونی تصور ہوں گی۔
