Sunday, May 3, 2026
ہومتازہ ترینعمران خان کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے لیے دائر درخواست کل سماعت کے لیے مقرر

عمران خان کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے لیے دائر درخواست کل سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے لیے دائر درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کل سماعت کریں گے، جہاں اڈیالہ جیل حکام پہلے ہی اپنا جواب جمع کرا چکے ہیں تاہم عدالت نے دیگرفریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کررکھی ہے۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مشاورت کے لیے سلمان اکرم راجہ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی تھی، عدالتی حکم کے باوجود سلمان اکرم راجہ سے سابق وزیراعظم کی ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور ملاقات کی درخواست بھی کل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔بشری بی بی کی بیٹی کی درخواست رجسٹرار آفس نے نمبر الاٹ کرکے مقرر کردی ہے، جسٹس ارباب محمد طاہر کل سماعت کریں گے۔بشری بی بی کی بیٹی مبشرہ خاورمانیکا نے فیملی ملاقات اورذاتی معالج رسائی کی استدعا کررکھی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔