Friday, May 1, 2026
ہومپاکستاننو سو ارب سے زائد کرپشن کے کیسز میں بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کے بیٹے سمیت ریڈ وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پاکستان لانے کا فیصلہ

نو سو ارب سے زائد کرپشن کے کیسز میں بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کے بیٹے سمیت ریڈ وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پاکستان لانے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)انٹرپول نے قومی احتساب بیورو(نیب)کی درخواست پر پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے۔چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ نیب کی درخواست پر انٹرپول نے ملک ریاض اور علی ریاض کے وارنٹ جاری کیے ہیں، دونوں ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔
دوسری جانب ڈی جی آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ کے مطابق ملک ریاض کے خلاف 900 ارب روپے سے زیادہ مالیت کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال نیب نے 89ارب روپے کی ریکوری کی، جبکہ اس وقت منی لانڈرنگ سے متعلق 37 ہائی پروفائل کیسز پر کارروائی جاری ہے۔ان کے مطابق منی لانڈرنگ کے 4کیسز عدالتوں سے ختم ہو چکے ہیں، جبکہ اس وقت نیب کے پاس 289 ریفرنسز، 205انویسٹی گیشنز اور 745انکوائریز زیر التوا ہیں۔رواں سال جنوری سے مارچ کے دوران 8 ہزار 563 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 8 ہزار 214 نمٹا دی گئیں جبکہ 475 پر کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بحریہ ٹاون سمیت مختلف ہاوسنگ پراجیکٹس پر تحقیقات جاری ہیں۔ سندھ میں ملیر، کورنگی، کلفٹن اور گل احمد ملز سے اراضی واگزار کرائی گئی ہے جبکہ پنجاب میں 9لاکھ ایکڑ سے زائد زمین واپس حاصل کی گئی ہے۔ واگزار زمین کی نگرانی کے لیے صوبائی سطح پر ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی ہے۔ملک ریاض کی عمر 72 برس ہے اور وہ بحریہ ٹاون کے بانی اور چیئرمین ہیں جبکہ ان کے 48 سالہ بیٹے علی ریاض کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ملک ریاض اور ان کی کمپنی گزشتہ چند برسوں سے مختلف قانونی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ القادر ٹرسٹ کیس میں مفرور بھی قرار دیے جا چکے ہیں جبکہ نیب نے جنوری 2025 میں متحدہ عرب امارات سے ان کی حوالگی کے لیے کارروائی شروع کی تھی۔ ان پر ماضی میں زمین کے حصول کے طریقہ کار سے متعلق کئی الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے سنہ 2019میں بحریہ ٹاون کراچی کے لیے زمین کے حصول پر سندھ حکومت کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کا حکم بھی دیا تھا۔اگست 2025میں قانونی مشکلات کے پیش نظر اور بحریہ ٹاون کی جائیدادوں کی ممکنہ نیلامی سے قبل ملک ریاض نے مذاکرات اور باوقار حل کی اپیل بھی کی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔