ہومپاکستانصدر مملکت آصف علی زرداری کی کرغزستان کے یومِ آزادی پر صدر صادیر ژاپاروف کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری کی کرغزستان کے یومِ آزادی پر صدر صادیر ژاپاروف کو مبارکباد

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ کرغزستان کے یومِ آزادی کے موقع پر کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ پاکستان جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے جولائی 2026 میں اپنے دورۂ کرغزستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے 1995 میں کرغزستان کے ان کے سابقہ دورے کی خوشگوار یادیں تازہ کر دیں اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک قیمتی موقع فراہم کیا۔ انہوں نے دسمبر 2025 میں صدر صادیر ژاپاروف کے دورۂ پاکستان کو بھی خوشگوار انداز میں یاد کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں مواقع پر ہونے والے نتیجہ خیز مذاکرات نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان اور کرغزستان کے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔

آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صدر صادیر ژاپاروف کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے قریبی روابط جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت نے صدر صادیر ژاپاروف کی صحت، خوشی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کرغزستان کے برادر عوام کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کی بھی دعا کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔