Monday, April 27, 2026
ہوماسلام آبادایران کے ساتھ نیا ٹرانزٹ فریم ورک قابل ستائش، تجارت کو فروغ ملے گا، قائم مقام صدر آئی سی سی آئی طاہر ایوب

ایران کے ساتھ نیا ٹرانزٹ فریم ورک قابل ستائش، تجارت کو فروغ ملے گا، قائم مقام صدر آئی سی سی آئی طاہر ایوب

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے قائم مقام سینئر نائب صدر عرفان چوہدری کے ھمراہ وفاقی حکومت کے نئے نوٹیفائیڈ ٹرانزٹ آف گڈز تھرو ٹیریٹری آف پاکستان آرڈر 2026 کے تحت پاکستان کے راستے ایران تک سامان کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سوموار کے روز جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ تاریخی اقدام پاکستان کو ایک اہم علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ حب کے طور پر پوزیشن دینے کے لیے حکومت کے اسٹریٹجک وژن کا عکاس ہے۔ نئے فریم ورک کے تحت تیسرے ممالک سے آنے والے سامان کو ایک ریگولیٹڈ کسٹم میکانزم کے تحت گوادر، کراچی اور تفتان سمیت نامزد راہداریوں کے ذریعے ایران کے راستے پاکستان سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
طاہر ایوب نے کہا کہ یہ فیصلہ سرحد پار تجارت کو نمایاں طور پر فروغ دےگا، لاجسٹک رکاوٹوں کو کم کرے گا، اور سپلائی چین کی کارکردگی میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ ٹرانزٹ کوریڈورز کو باضابطہ بنا کر اور کسٹم سیکورٹی اور کراس سٹفنگ پروویژن جیسے واضح طریقہ کار کو متعارف کراتے ہوئے حکومت نے ایک ایسا منظم اور شفاف نظام بنایا ہے جو تاجروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گا اور بین الاقوامی کارگو کے بہاؤ کو راغب کرے گا۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ گوادر اور کراچی جیسی بندرگاہوں کو بلوچستان کے راستے ایران سے ملانے والے متعدد ٹرانزٹ روٹس کی شمولیت سے نہ صرف روابط بہتر ہوں گے بلکہ پسماندہ علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو پاکستان کے لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ اور گودام کے شعبوں کے لیے “گیم چینجر” قرار دیا۔
قائم مقام سینئر نائب صدر عرفان چوہدری نے کہا ہے کہ نیا ٹرانزٹ انتظام ایران اور دیگر علاقائی معیشتوں کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرے گا جبکہ بین الاقوامی تجارت کے لیے ایک موثر متبادل راستہ پیش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارگو کی ہموار نقل و حرکت سے بندرگاہوں پر بھیڑ کو کم کرنے اور پاکستانی تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار کے نئے مواقع کھولنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ یہ پیشرفت جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کو جوڑنے والے قابل اعتماد تجارتی راہداری کے طور پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔