اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان سرٹیفائیڈ چور ہیں، لوگوں کو چور کہتے کہتے اپنی چوری نہیں چھپا سکتے، انہوں نے خود کہا تھا پٹرول، آٹا، بجلی مہنگی ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی اوراندرونی معاملات سے پاکستان کودوررہناچاہیے، ہمسایہ ملک کے فیصلوں کااختیار افغان عوام پرچھوڑدیاجائے۔ افغانستان ایک خودمختار ملک ہے، اس کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے۔ مریم نوازنے کہاکہ الیکشن کمیشن حکومت کی نالائقی کی نشاندہی کر رہا ہے، الٹا حکومت الیکشن کمیشن پر ہی الزام لگا رہی ہے، یہاں تک کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کوادارے کے سربراہ کیخلاف نوٹس لینے کاکہاگیا۔ انتخابی اصلاحات کوغیرموثرسمجھتی ہوں،اب الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آرٹی ایس جیسی دوسری کہانی گھڑی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر عمران خان کے بھاشن سن سن کرعوام کے کان پک گئے، آج عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے، اپوزیشن کوعوام کے دکھ درد کی آواز اٹھانی چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف شوکاز نوٹس پر جواب دے دیں گے، اظہارآزادی رائے کاحق سب کوہے لیکن پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کے اندراج کی خبر کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی تشویش ناک بات ہے کہ جعلی طریقے سے ویکسینیشن کے لیے اندراج کیا جا رہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت کی طرح اس ویکسینیشن کا ریکارڈ اور اندراج بھی جعلی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور نظر بھی آنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن )خاموش نہیں عوامی مسائل پر آواز اٹھا رہی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے کہ جب پیٹرول اور آٹا مہنگا ہو تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ حکمران چور ہے اب عمران خان سب سے پہلے سرٹیفائیڈ چور ہیں۔
عمران خان سرٹیفائیڈ چور ہیں،مریم نواز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
