Friday, April 24, 2026
ہومتازہ ترینبھارتی وزیر دفاع جرمنی میں آبدوز کے اندر جاتے ہوئے گر گئے

بھارتی وزیر دفاع جرمنی میں آبدوز کے اندر جاتے ہوئے گر گئے

نئی دہلی: (آئی پی ایس) 3 روزہ دورے کیلئے جرمنی پہنچنے والے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ سب میرین میں داخل ہوتے ہوئے گر گئے۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے اس لمحے کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا اور اس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔

بھارتی وزیرِ دفاع نے جرمنی میں اپنے 3 روزہ دورے کے دوران آخری روز تھیسن کروپ میرین سسٹمز (ٹی کے ایم ایس) کے شپ یارڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹائپ 212 آبدوز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر کمپنی حکام نے انہیں آبدوز کی تکنیکی صلاحیتوں سے آگاہ کیا اور بھارتی وزیر کو آبدوز کا اندرونی جائزہ لینے کی پیشکش کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راج ناتھ سنگھ سب میرین میں داخل ہوتے ہوئے پھنس گئے اور آبدوزکے تنگ راستے کی وجہ سے گھبرا کر پھسل بھی گئے، بعد ازاں عملے نے انہیں کافی کوشش کے بعد باہر نکالا۔

بتایا جا رہا ہے کہ بھارتی وزیرِ دفاع نے سب میرین میں داخل ہونے کی دوسری کوشش سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیرِ دفاع نے 21 سے 23 اپریل تک جرمنی کا 3 روزہ سرکاری دورے کیا ہے، اس دوران بھارت اور جرمنی کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کے روڈ میپ اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کی تربیت میں تعاون کے لیے ایک عملی معاہدے پر دستخط اور تبادلہ کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔