Friday, April 24, 2026
ہومتازہ ترینجماعت اسلامی پنجاب میں ممبر سازی اور’’بدل دو نظام‘‘تحریک کا اعلان

جماعت اسلامی پنجاب میں ممبر سازی اور’’بدل دو نظام‘‘تحریک کا اعلان

اسلام آباد (آئی پی ایس) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ پچیس اپریل سے ملک بھر کی طر ح پنجاب میں ممبر سازی اوررابطہ عوام مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور دیہات میں ممبر سازی کے ذریعے عوام کو جماعت اسلامی کا ممبر بنا کر عید کے بعد ملک گیر“بدل دو نظام”احتجاجی تحریک کے لیے تیار کیا جا ئے گا، انھوں نے کہا سر مایہ داروں، جاگیر داروں اور کر پٹ مافیاز کی اجارہ داری اور سودی معیشت سے جان چھڑانے کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے اجتماع ارکان سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، سیکرٹری جنرل عثمان آکاش نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا مراعات یافتہ طبقہ کی عیاشیاں جاری ہیں جبکہ عوام بد حال ہو چکے ہیں،مہنگائی، ٹیکسز کی بھر مار ہے، عوام گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا عذاب برداشت کررہے ہیں، ان حالات میں ہم سمجھتے ہیں پاکستان اور استحصالی نظام ایک ساتھ نہیں چل سکتے، غریب اور عام آدمی کے استحصال پر مبنی اس ظالمانہ نظام کو تبدیل کیے بغیر ملک اور قوم آگے نہیں بڑھ سکتی،

انھوں نے کہا نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ بدل دو نظام تحریک کا حصہ بنیں، کارکن جماعت اسلامی کا پیغام ہر گلی محلے میں لے کر جائیں، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں، عوامی کمیٹیاں قائم کی جائیں، عید کے بعد بڑی تحریک چلے گی،جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام چاہتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔