Saturday, April 18, 2026
ہومبریکنگ نیوزبنگلہ دیش نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہاز کی واپسی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کردیں

بنگلہ دیش نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہاز کی واپسی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کردیں

ڈھاکہ (آئی پی ایس )بنگلہ دیش کے وزیر برائے جہاز رانی و ریلوے شیخ ربیع العالم نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تاحال رکے ہوئے بنگلہ دیشی بحری جہاز بنگلر جوئے جاترا کو بحفاظت نکالنے کے لیے سفارتی سطح پر مسلسل رابطے کیے جارہے ہیں۔چٹاگانگ میں نیشنل میری ٹائم انسٹیٹیوٹ کی پاسنگ آٹ پریڈ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ جہاز کی واپسی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

ملک کی اندرونی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ بنگلہ دیش میں ایندھن کی کوئی حقیقی قلت نہیں ہے بلکہ کچھ عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر مصنوعی طلب پیدا کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ہزاروں لیٹر ذخیرہ شدہ ڈیزل برآمد کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت قومی مفادات کو ہر صورت مقدم رکھے گی اور ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ذخیرہ اندوزوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

چٹاگانگ پورٹ کے نیو مورنگ کنٹینر ٹرمینل کو غیر ملکی آپریٹر کے حوالے کرنے سے متعلق سوال پر شیخ ربیع العالم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہ کا منافع، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور سب سے بڑھ کر ملکی مفاد کو دیکھا جائے گا، جس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے نوجوان کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم کا شعبہ ملک کی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے عالمی سطح پر بنگلہ دیش کی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔