اسلام آباد (سب نیوز ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے آذربائیجان کے سفیر کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا اجاگر کیا گیا۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین دیرینہ ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باکو اور اسلام آباد کے درمیان سسٹر سٹی کے تعلقات 2024 سے قائم ہوچکے ہیں۔
آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ باکو کے ماہرین سی ڈی اے کے ساتھ ملکر شہر کی خوبصورتی پر کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں سید پور ویلج، میلوڈی فوڈ سٹریٹ اور سیونتھ ایونیو کی تزئین وآرائش پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی گارڈینا حب ماڈل نرسری میں بھی باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین نے اپنی بھرپور معاونت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد شہر کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے باکو کے ماہرین ہمہ وقت حاضر ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین کی جانب سے سید پور ماڈل ویلج، میلوڈی مارکیٹ اور سی ڈی اے ماڈل نرسری گارڈینا حب کے بیوٹفکیشن اقدامات کو سراہتے ہوئے سرینگر ہائی وے، مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو کی بیوٹفکیشن کے حوالے سے باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین سے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین کے تجربات، استعداد کار اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط شراکت داری بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاقات کو فروغ دینے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
