اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان میں گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہیلی کاپٹر پر حلقے کے دورے اور عوامی اجتماع سے خطاب پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی، اس دوران الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری نے مؤقف پیش کیا کہ وزیر اطلاعات نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر کمیشن قوانین کے تحت دو سال تک کی سزا سنا سکتا ہے۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اطلاعات کی ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے پر بھی سوال اٹھایا، جس پر عطا تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزیر اس وقت ایک سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ دورے میں انہوں نے صرف میڈیا کوریج ہی کرنی ہے اور کیا کرنا ہے۔
کمیشن نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے اس بیان پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ دورہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں کیا گیا جو الیکشن کمیشن کے تحت نہیں آتا، اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ جا کر قانون کا مطالعہ کریں۔
کمیشن کی کارروائی کے دوران رویے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے دوران سماعت مسکرانے پر پارلیمانی سیکرٹری صحت اسما عباسی کی سرزنش کی اور خبردار کیا کہ اس رویے پر ان کی پنجاب اسمبلی کی نشست بھی جا سکتی ہے اور توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، لیکن وہ واضح کرتے ہیں کہ دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ہر صورت کرائے جائیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے اس ہدایت پر بھی سوال اٹھایا کہ اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹیز نہیں لگائی جائیں گی، اور استفسار کیا کہ ایسی صورت میں الیکشن کمیشن پولنگ کے لیے عملہ کہاں سے لے کر آئے گا۔
الیکشن کمیشن نے ڈی آر او، ڈی ایم او اور آر او کو اس معاملے میں مرتب کردہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سی پی او گوجرانوالہ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی یکم دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
