Thursday, April 16, 2026
ہومبریکنگ نیوزخطے میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، اسپیکر ایاز صادق

خطے میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، اسپیکر ایاز صادق

اسلام آباد (آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں جاری تنازع کے فوری اور پرامن حل کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔استنبول میں بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی 152ویں اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس عالمی فورم سے خطاب ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے امریکا اور ایران میں فوری جنگ بندی کی اپیل پر دونوں فریقین کے مثبت ردعمل پر وہ اظہارِ تشکر کرتے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاکستان کی فعال ثالثی کے نتیجے میں فریقین کے درمیان مذاکرات کے متعدد دور ہوئے اور امید ہے کہ دونوں جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری جاری رہے گی۔

انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان مستقبل میں بھی فریقین کے درمیان رابطے اور مکالمے میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے جموں و کشمیر کو ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اقدام غیر قانونی اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔غزہ کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسپیکر نے کہاکہ وہاں 71 ہزار سے زیادہ فلسطینی جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ اور عرب و اسلامی ممالک بشمول پاکستان کی کوششوں سے غزہ امن منصوبے میں پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہاکہ کابل کی صورتحال کے باعث خطہ شدید عدم استحکام کا شکار ہوا ہے، تاہم پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔