اسلام آباد(آئی پی ایس ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت جمعرات کے روز سی ڈی اے بورڈ کا سال 2026 کا چوتھا اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر ایڈمن اسفندیار بلوچ، ممبر اسٹیٹ زمان وٹو، ممبر فنانس و پلاننگ اینڈ ڈیزائن محمد عمیر، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سی ڈی اے بورڈ نے شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے چوتھے اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز زیر بحث لائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق، سی ڈی اے بورڈ کے چوتھے اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کیلئے اضافی ایکڑ اراضی H-11/1 کی درخواست پر الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کیساتھ لوسر لینڈ فل سائٹ کے استعمال کیلئے معاہدے میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے سائنٹفک لینڈ فل سائٹ کی تعمیر کے حوالے سے ورکنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ویسٹ ٹرانسفر اسٹیشن سے سالڈ ویسٹ اکٹھا کرنے اور اسے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کی ڈمپنگ سائٹ لوسر تک پہنچانے کے معاہدے میں توسیع کی منظوری دی گئی۔
