اسلام آباد(آئی پی ایس ) پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی نے سپیکر قومی اسمبلی کے اس بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں انھوں نے پریس گیلری کی بندش کو پی آر اے سے مشاورت کے بجائے اسے انٹیلی جنس رپورٹس کا نتیجہ قرار دیا ہے_پی آر اے کی ایگزیکٹو باڈی کا ہنگامی اجلاس نائب صدر احمد نواز خان کی زیر صدارت ہوا۔ صدر صدیق ساجد بذریعہ ٹیلیفون اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کی کارروائی سیکرٹری آصف بشیر چوہدری نے چلائی ۔ ممبرتحقیقاتی کمیٹی اور فنانس سیکرٹری انتظار حیدری کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی کو کمیٹی بریفنگ بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ایگزیکٹو باڈی کو بتایا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں پریس گیلری بندش اور پی آر اے کے منتخب رکن یا ارکان کی ملاقات بارے بات چیت ہوئی۔سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بتایاگیاکہ پریس گیلری کی بندش انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ہوئی تھی ۔چونکہ وہ سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ سیاسی شخصیت ہیں جن کے ساتھ ملاقاتیں کرنیوالوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے البتہ پی آر اے ایگزیکٹو باڈی کے کسی منتخب رکن نے ان سے ملاقات نہیں کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے انتہائی شائستگی سے پی آ ر اے کمیٹی کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا اور کہاکہ پی آر اے اس پریس گیلری کا حسن ہے جو پارلیمان کا حصہ ہے جس کے بغیر ایوان کی کارروائی نہیں چلائی جاسکتی اور پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن ، سپیکر چیمبر دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ پی آر اے ایگزیکٹو باڈی ان الفاظ پر سپیکر قومی اسمبلی کی مشکور ہے اور سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کا ایگزیکٹو باڈی خیر مقدم کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ مستقبل میں پی آر اے منتخب باڈی اور سپیکر چیمبر کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتری کے ساتھ آگے بڑھے گا ۔ پی آر اے ایگزیکٹو باڈی میں تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے درخواست کی گئی ہے کہ ممبران پی آ ر اے میں سے کسی کے پاس اگر پی آر اے کے ایماپریس گیلری کی بندش بارے سپیکر قومی اسمبلی سے کسی وفد یا انفرادی شخصیت کی جانب سے ملاقات کی اطلاع بمعہ ثبوت موجود ہیں تو وہ تحقیقاتی کمیٹی کو 48 گھنٹے کے اندر اندر دیتے ہوئے تعاون کریں ۔ پی آر اے ایگزیکٹو باڈی نے تحقیقاتی کمیٹی کے کام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے اوراس امید کا اظہار کیاہے کہ تحقیقاتی کمیٹی اپنے دیئے گئے وقت کے اندر اندر اپنی مکمل رپورٹ ایگزیکٹو باڈی کو پیش کرے گی۔ ایگزیکٹو باڈی اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری میاں منیر احمد، فنانس سیکرٹری انتظار حسین حیدری، سیکرٹری اطلاعات ملک سعید اعوان، گورننگ باڈی ممبران عاصم یاسین، رانا طارق، صبا باجیر، عائشہ ناز شریک ہوئے۔
پریس گیلری کی بندش انٹیلی جنس رپورٹس کا نتیجہ قرار،پی آر اے کا سپیکر کے بیان کا خیرمقدم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
