Wednesday, June 3, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزنیب کا عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی کے لیے عزم کا اعادہ

نیب کا عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی کے لیے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2025 کی پہلی دو سہ ماہیوں میں 31.547 ارب روپے کی ریکارڈ بازیابی کی، جبکہ 33.532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں وفاقی و صوبائی وزارتوں، محکموں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کی گئیں۔ اس عرصے میں دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات میں 12,611 متاثرین کو ان کی لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائی گئیں۔

سال 2025 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران نیب نے 3.456 ارب روپے بازیاب کیے۔ نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کے سیکٹر E-11 میں 29 ارب روپے مالیت کی 51 کنال قیمتی سرکاری اراضی برآمد کر کے سی ڈی اے کے حوالے کی۔ اسی طرح عوام سے دھوکہ دہی کے بڑے مقدمے (B4U) میں 3 ارب روپے کی رقم بازیاب کی گئی، جو 17,214 متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔

نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین اور سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی 127 کنال 15 مرلہ اراضی، جس کی مالیت 160.895 ملین روپے ہے، بازیاب کرائی۔

نیب لاہور نے ایڈن کیس میں ریکور شدہ 3.2 ارب روپے کی رقم 11,880 متاثرین میں تقسیم کی، جبکہ پاک عرب ہاؤسنگ کیس میں 9.3 ارب روپے مالیت کی آٹھ جائیدادیں بازیاب کر کے 2,500 متاثرین کو رقم کی صورت میں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

نیب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔