اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے تاریخ کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 24 ہزار پوائنٹس تک پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسے حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت قرار دیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ “اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان اس بات کا مظہر ہے کہ کاروباری طبقہ اور سرمایہ کار نئے بجٹ کو عوام دوست تصور کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “بجٹ میں عام آدمی پر کسی نئے ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا گیا، جبکہ تنخواہ دار طبقے کو تنخواہوں میں اضافے اور ٹیکس میں کمی کی صورت میں ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم نے دعویٰ کیا کہ “الحمدللہ، ملکی معیشت نے ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ یہ کامیابی پاکستانی عوام کی قربانیوں اور صبر کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ “اب ہم سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہماری معاشی ٹیم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا کسی معجزے سے کم نہیں۔
انہوں نے معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ان کی محنت اور قومی مفاد کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کی بدولت معیشت میں جو مثالی بہتری آئی ہے، وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔
پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل آیا، معاشی استحکام کا سفر ایک معجزہ ہے : وزیرِاعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔